Wednesday, October 16, 2013
ماڈرنسٹوں کی ایک انوکھی دلیل ۔۔۔۔۔ کنٹکسٹ بدلنے سے اطلاق بدل جاتا ھے
Posted by
Unknown
جناب راشد شاز صاحب انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک متشدد قسم کے ماڈرنسٹ ہیں (جیسا کہ انکی کتاب کے نام ''مسلم ذھن کی تشکیل جدید'' سے ظاھر ھے) اور غامدی صاحب سے بھی متاثر ھیں۔ ذیل کے پوسٹ میں یہ جناب اپنے تجددانہ افکار کے جواز کیلئے یہ سنہرا اصول بیان فرماتے ھیں کہ قرآنی الفاظ کا اطلاق کنٹکسٹ (یعنی ماحول) کا مرھون منت ھوتا ھے، اگر کنٹکسٹ بدل جاۓ تو الفاظ کے اطلاقات بدل جاتے ہیں۔ اس قسم کے استدلال ماڈرنسٹ لوگ اپنے حق میں پیش کرتے رھتے ہیں لہذا اسکا بھی تجزیہ کئے لیتے ہیں (اس پر کئ اعتبار سے گفتگو ھوسکتی ھے مگر یہاں ایک پر فوکس کرتے ھیں)۔
شاز صاحب جیسے دانشوران سے سوال یہ ھے کہ وہ کنٹکسٹ جسے معیار بنا کر الفاظ قرآنی کے اطلاقات بدلتے رھنے کی بات کی جارھی ھے کیا بذات خود اس کنٹکسٹ کو جانچنے کی ضرورت بھی ھوتی ھے یا نہیں؟ یعنی کنٹسکٹ بذات خود ٹھیک ھے یا غلط اسکا فیصلہ کرنے کی ضرورت بھی ھے یا نہیں، یا بس آنکھیں بند کرکے اسکے اندر الفاظ کا اطلاق کرتے چلے جانا چاہئے؟ اب کنٹکسٹ بذات خود تو اپنا جواز بن نہیں سکتا جب تک کہ یہ فرض نہ کرلیا جاۓ کہ 'یہ بہر صورت ٹھیک ھوتا ھے؟' ظاھر ھے یہ ایک بے بنیاد مفروضہ ھے۔
اب فرض کریں اگر کنٹکسٹ ھی غلط ھو تو اسکے تناظر میں قرآنی الفاظ کے اطلاق بدلنے کی کوشش کا نتیجہ کیا یہ نہیں ھوگا کہ ھم قرآن کو ایک باطل کنٹکسٹ میں پڑھنے کی کوشش کرنے لگیں؟ آج اسلام کے نام پر سرمایہ دارانہ ادارتی صف بندیوں کے جتنے متبادل تیار کئے جارھے ہیں انکی بنیادی غلطی یہی ھے کہ اس میں کنٹکسٹ کو نظر انداز کرکے الفاظ کے اطلاقات تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ھے۔ چنانچہ مسلم ماڈرنسٹوں کا بنیادی مسئلہ یہی ھے کہ یہ موجودہ (سرمایہ دارانہ) کنٹکسٹ پر کسی قسم کا سوال اٹھانے کے روا نہیں (جسکی بنیادی وجہ انکی اس کنٹکسٹ سے ناواقفیت ھے)، یعنی یہ کنٹکسٹ تو انکے نزدیک بہر حال لامتبدل ھے کہ یہ درست اور غیر اقداری ھے، بس مسئلہ قرآن کو اسکے تناظر میں سمجھنے کا ھے۔ یہی وہ بنیادی وجہ ھے جسکی بنا پر ھم ان لوگوں کو ماڈرنسٹ کہتے ہیں کہ یہ لوگ ''جدیدی کنٹکسٹ کے اندر'' اطلاقات قرآنی وضع کرنے کی کوشش کرتے ھیں۔ ایسی ھر کوشش کا حاصل قرآن کے نام پر جدیدیت کا اثبات ھی ھوگا جیسا کہ ان متجددین کی ڑیڑھ سوسال تاریخ بتا رہی ھے۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔