Tuesday, October 15, 2013

روایت پسندوں پر 'اکابر پرستی' کا طعنہ ۔۔۔۔۔۔۔ متجدیدین کا ایک جھانسہ


گروہ متجدیدین اور انکے پیروکاروں کی ایک عمومی جھانسہ دینے کی نوعیت یہ بھی ھوتی ھے کہ دوران گفتگو یہ لوگ تاریخی معتبر اسلام پسندوں پر ''اکابر پرستی'' کا طعنہ کس دیتے ہیں۔ یہ طعنہ کسنے کا مقصد یہ ثابت کرنا ھوتا ھے کہ 'تم لوگ عقل استعمال نہیں کرتے بلکہ اکابرین کی طرح مکھی پر مکھی مارتے ھو، قرآن نے اس رویے کی مذمت کی ھے وغیرہ وغیرہ'۔ یعنی جو اکابرین کی رائےکو درست سمجھ رھا ھے اور ان سے اختلاف کررھا ھے وہ اکابر پرست اور بے عقل۔

یہ سب راگ الاپتے وقت ان لوگوں کا مفروضہ گویا یہ ھوتا ھے کہ عقل استعمال کرنے کا لازمی مطلب اکابرین کا رد کرنا ھے۔ ان سے کوئی پوچھے کہ جناب اگر کوئی شخص اپنی عقل استعمال کرکے اسی استدلال اور نتیجے کو ٹھیک پائے جو اکابرین نے پیش کیا تو اس میں ایسی برائی کی بات کیا ھے؟ کیا ضروری ھے کہ دنیا میں ہر انسان کی عقل اسی نتیجے پر پہنچے جہاں ان متجددین کی پہنچی؟ کیا لازم ھے کہ ایک معاملے کے تصفیے میں سب کی عقل کو وہی پہلو اپیل کرے جو ان متجددین کی ''جدیدیت ذدہ' عقل کو اپیل کررہا ھے؟ آخر اپنی عقل استعمال کرکے کسی دوسرے کی رائے کو صائب سمجھنا منطق اور عقل کے کس اصول کی خلاف ورزی ھے؟

دراصل دوسروں کیلئے اکابر پرستی اور اپنے لئے عقل کا راگ الاپنے والے ان لوگوں کے کہنے کا اصل مطلب یہ ھوتا ھے کہ ''عقل کا پیمانہ 'میری عقل' ھے اور جو میری بات نہیں مان رہا وہ بے عقل ھے۔'' مگر انہیں یاد رکھنا چاھئے کہ جس طرح یہ دوسروں پر اس بنیاد پر اکابر پرستی اور بے عقلی کی پھبتی کستے ہیں کہ وہ انکی مخصوص عقل سے برآمد ھونے والے نتیجوں کو نہیں مان رھے بالکل اسی پیمانے پر یہ متجددین بھی اکابر پرستی اور بے عقلی کے فتوے کی زد میں ھوتے ہیں (ظاھر ھے یہ بھی تو لاکھوں لوگوں کی عقل سے برآمد ھونے والے ایک استدلال اور نتیجے سے اختلاف کررھے ھوتے ہیں اور اکثر و بیشتر کسی دوسرے متجدد کی رائے کو بہتر سمجھ رھے ھوتے ہیں تو اس لحاظ سے یہ زیادہ بڑے بے عقل ھوئے)۔

ان عقل کی مالا جپنے والوں کو تو اتنا بھی معلوم نہیں کہ جوہری عقل (substantive reason) تو بذات خود کسی ریفرینس پوائنٹ سے ڈیفائن ھورہی ھوتی ھے اور اگر ریفرنس پوائنٹ بدل جائے تو یہ مختلف نتیجے برآمد کرنے لگتی ھے۔ تو انہیں اپنی 'جدیدیت ذدہ' عقل پر اتنا ناز کیوں ھوتا ھے؟

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔